پیرس ( رضا چوہدری،اے ایف پی) فرانس، تاریخی فیصلہ،سابق صدر نکولا سرکوزی کو پانچ سال قید کی سزا، قذافی سے انتخابی مہم کیلئے غیر قانونی فنڈنگ اسکیم میں ملوث ہونےکا الزام ثابت ہوگیا۔ ایک لاکھ یور وجرمانہ، جنگِ عظیم دوم کے بعد جیل جانے والے پہلے فرانسیسی صدر بن گئے ۔فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی کو عدالت نے لیبیا کے مرحوم رہنما معمر قذافی سے 2007 کی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ اسکیم میں ملوث ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے انہیں مجرمانہ سازش کے الزام میں قصوروار ٹھہرایا، تاہم کرپشن اور براہِ راست غیر قانونی فنڈنگ وصول کرنے کے الزامات سے بری کر دیا۔ فیصلہ کے مطابق استغاثہ ایک ماہ کے اندر اطلاع دے گا کہ سارکوزی کو کس تاریخ کو جیل جانا ہوگا۔ اپیل کی صورت میں بھی یہ حکم برقرار رہے گا۔سارکوزی کو ایک لاکھ یورو (117,000 ڈالر) جرمانہ اور عوامی عہدہ رکھنے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔