• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ میں رد و بدل، سعید غنی سے محکمہ بلدیات کا قلمدان واپس

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ میں کئی اہم تبدیلیاں، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لیکر یہ قلمدان ناصر حسین شاہ کو دیدیا گیا انکے پاس پہلے سے موجود وزارت توانائی کا قلمدان بھی رہے گا،کابینہ میں اسماعیل راہو اور گیان چند ایسرانی کا اضافہ، تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں کئی اہم وزراءکے قلمدان تبدیل کردیئے گئے ہیں، کابینہ میں اسماعیل راہو کو وزیر اور گیان چند ایسرانی کو مشیر کے طورپر شامل کرلیا گیا ہے کابینہ میں چار مزید معاونین خصوصی کی تقرری بھی عمل میں آئی ہے۔ حکومت سندھ نے جمعہ کو سندھ کابینہ میں ردو بدل کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لیکر یہ وزارت سید ناصر حسین شاہ کو دیدی ،انکے پاس پہلے سے موجود وزارت توانائی کا قلمدان بھی رہے گا۔ سعید غنی کومحکمہ محنت اور سماجی تحفظ کی وزارت دی گئی ہے۔ اسی طرح وزیرآبپاشی جام خان شورو کو محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا اضافی قلمدان تفویض کردیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان کو محکمہ خوراک کا قلمدان الاٹ ہوا ہے ۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے وزارتی قلمدانوں میں تبدیلی سے متعلق سرکاری نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اسی دوران صوبائی کابینہ کے نئے رکن محمد اسماعیل راہو کی تقریب حلف برداری جمعہ کی شام گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے محمد اسماعیل راہو سے وزیر اعلیٰ سندھ کی موجودگی میں حلف لیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے انجام دیئے۔ تقریب میں صوبائی وزرا، مشیر، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی، سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر افتخار عالم، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اسماعیل راہو کو وزارت کا حلف لینے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے گیان چند ایسرانی کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر بنانے کا اعلان بھی کیا۔ دریں اثنا ؤزیراعلی سندھ کی جانب سے مزید چار معاونین خصوصی کا تقرر کیا گیاہے۔ نئے معاونین خصوصی میںفراز عابد لاکھانی ،شام سندر ،عطامحمد پنھور اور طارق حسن شامل ہیں۔وزیراعلی سندھ کے معاونین خصوصی کو محکمے بھی تفویض کردیئے گئے ہیں۔علی راشد کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔سرفراز راجڑ کو محکمہ نوادرات کا قلمدان دیا گیا ہے۔ عبدالجبار خان کو ریلیف اور شام سندر کو اقلیتی امور کا محکمہ الاٹ ہوا ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر لال چند سے محکمہ اقلیتی امور کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر گیان چند ایسرانی کو محکمہ بحالیات کا قلمدان الاٹ کیاگیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید