کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کانگو کریمیئن ہمرجک فیور سے ایک اور ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال کراچی میں کانگو سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ جبکہ سندھ میں چھ ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق لانڈھی کا رہائشی 28 سالہ زبیر کانگو سے متاثر ہوا، وہ پیشے کے اعتبار سے قصاب تھا۔ 24 ستمبر کو اسے اچانک تیز بخار، کھانسی، سانس میں دشواری، منہ اور پاخانے کے ذریعے خون آنے کی شکایات کے ساتھ جناح اسپتال لایا گیا۔ مریض کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا تاہم طبی عملے کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ اسی روز انتقال کر گیا۔