حیدرآباد(بیورورپورٹ)خون سفید ہوگیا، سگی ماں نے اپنے 6 سالہ بیٹے کو دوسرے شوہر کی مددسے گلا گھونٹ کر قتل کردیا،پولیس نے تفتیش کے دوران سگی ماں کے اعتراف پر اسے اور اس کے دوسرے شوہر کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق چھلگری تھانے کی حدود گوٹھ میوو حاجانو میں 6 سالہ محمد علی عرف ثاقب علی ولد عرفان حاجانو کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔6 سالہ بیٹے قتل پر پولیس نے اس کے والد عرفان علی حاجانوکی مدعیت میں اس واردات کا مقدمہ کرائم نمبر 38/2025 زیر دفعہ 302,34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کی تھی۔اس دوران پتہ چلاکہ عرفان حاجانو کی سابقہ بیوی ثنیہ سے اس کا 6 سالہ بیٹا محمد علی تھا دونوں میں علیحدگی اور طلاق کے بعد اور اس کے موجودہ مسمات ثنیہ نے باقر حاجانو نامی شخص سے دوسری شادی کرلی تھی اور 6 سالہ بیٹے محمد علی کے ہمراہ اسکے ساتھ رہ رہی تھی۔جس پر بچے کے حقیقی والد عرفان اور ثنیہ کےدوسرے شوہر باقر حاجانوکے درمیان 6 سالہ محمد علی بچے کے معاملے پرناچاقی اور تلخ کلامی چل رہی تھی۔چھلگری پولیس نے عرفان حاجانو کی جانب سے سابقہ بیوی ثنیہ اور اس کے دوسرے شوہر پر بیٹے کے قتل کے شبہ پر تفتیش کی تو مسمات ثنیہ نے اپنے دوسرے شوہرباقر کے ساتھ مل کراپنے سگے بیٹے کو گلا گھونٹ کر مارنے کا اعتراف کیاتھا۔جس پر پولیس نے دونوں کوگرفتار کرلیا ہے۔حیدرآباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹس میں بھی بچے کی موت کا سبب گلا گھونٹنا ہی سامنے آیا ہے۔