اسلام آباد( طاہر خلیل) سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے حالیہ دورہ چین سے اسٹرٹیجک تعاون، اقتصادی شراکت داریوں کو مزید وسعت ملی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے نئے دروازے کھلے ہیں،صدر مملکت کے ایروناٹیکل کارپوریشن آف چائنہ کے دورے کو بھی ایک سنگ میل قرار دیا ، دورہ چین جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کی خریداری کے مستقبل کے معاہدوں کی راہ ہموار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی اور صدر کے پریس سیکرٹری دانیال گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کے دورے کا مقصد بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں سرکاری نجی شراکت داریوں کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ کے دوران صدر نے چین کی درمیانی سطح کی قیادت سے ملاقاتوں پر توجہ مرکوز کی اور سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے صوبائی گورنروں اور کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور اس دوران دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل، ویسٹ منجمنٹ کے انتظام، توانائی، تعلیم اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں چینی اداروں کے ساتھ تعاون کے چھ اہم ایم او یوز طے پائے۔