کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان سے کوئی مطالبہ نہیں کر رہا ہے اور اگر کوئی مطالبہ آیا بھی تو پاکستان اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرے گا ہوسکتا ہے امریکہ ایران تعلقات میں بھی پاکستان کوئی کردار ادا کرسکے۔ ہائبرڈ نظام کی پارٹنر شپ نتائج پیدا کر رہی ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ پروگرام میں راشد لطیف ، احمد شہزاداور سکند بخت نے بھی اظہار خیال کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ میں صدر ٹرمپ نے سیز فائر کروایا جس کو انڈیا نہیں مانتا بلکہ انکار کرتا ہے اور مودی نے اس سے متعلق ایک لفظ نہیں کہا اور پاکستان نے شکرگزاری کا مظاہرہ کیا اور ان کو نوبیل کے لیے نامزد بھی کیا اس وجہ سے معاملات میں خوشگوار موڑ آیا اور اس سے ہمارے خطے میں بھی جو پذیرائی ہوئی ہے اس کو امریکہ بھی تسلیم کر رہا ہے۔ہمارا ایران سے بہت اچھے تعلقات ہیں اور حال ہی میں جو غلط فہمیاں تھیں وہ بھی دور ہوئی ہیں یہ بھی ہوسکتا ہے ایران کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو معمول پر لانے کے لئےہم کردار ادا کریں۔