پیرس، تہران (رضا چوہدری /جنگ نیوز) اقوام متحدہ پابندیوں کے بعد ایران نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے سفیر بلا لیے۔سلامتی کونسل نے جوہری پابندیوں میں نرمی سے متعلق چین و روس کی قرارداد مسترد کر دی، پاکستان کا اظہار افسوس۔ ایران کیساتھ ایٹمی، عسکری، بینکاری اور شپنگ سیکٹرز میں عالمی تعاون پر پابندی ہوگی، جس پر اتوار سے عمل درآمد ہوگا۔ ایرانی ریال کی تاریخی گراوٹ، ایک ڈالر 11لاکھ ریال پر آگیا۔تہران نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ و اسرائیل نظام گرانا چاہتے ہیں، روس و چین نے پابندیوں کو باطل اور غیر موثر قرار دیدیا، جبکہ امریکہ و یورپی اتحادیوں کا اصرار ہے کہ یہ اقدام بہت ضروری تھا۔سلامتی کونسل کے 15رکنی اجلاس میں قرارداد کے حق میں صرف 4ووٹ (الجزائر، چین، پاکستان، روس) جبکہ 9 ممالک (ڈنمارک، فرانس، یونان، پاناما، سیرا لیون، سلووینیا، صومالیہ، برطانیہ اور امریکا) نے مخالفت میں ووٹ دیا۔