• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھلاپتی وجے کی ریلی میں ہلاکتیں، درج مقدمے میں کیا ہے؟

اداکاری سے سیاست میں آنے والے تھلاپتی وجے کی پارٹی ریلی میں 41 افراد کی ہلاکت کے بعد درج مقدمے میں کیا ہے؟

تمل ناڈو کے شہر کرور میں تھلاپتی وجے کی ریلی میں بھگدڑ مچی تھی، مقدمے کے مطابق اُس دن اداکار اور سیاستدان وجے اپنی گاڑی میں کافی دیر تک بیٹھے رہے۔

مقدمے کے مطابق بھیڑ بے چین تھی اور آگے بڑھنے لگی، وہ اپنے پسندیدہ اداکار اور سیاستدان کو دیکھنا چاہتے تھے، جگہ تنگ تھی، اس لیے حالات قابو سے باہر ہوگئے۔

تامل ناڈو پولیس نے تھلاپتی وجے کے اوپر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا لیکن اُن کی پارٹی’ٹی وی کے‘ کے 3 رہنماؤں ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔

پولیس نے کرور نارتھ کے ضلعی سیکریٹری متھیاز ہگن، اسٹیٹ جنرل سیکریٹری بسی آنند اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری نرمل کمار کو مقدمے میں نامزد کیا ہے۔

مقدمے میں غیر ارادی قتل، اقدام قتل کی کوشش، انسانی جان خطرے میں ڈالنے، حکومتی احکامات کی خلاف ورزی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ اُس روز کئی افراد دم گھٹنے اور ہجوم میں دب جانے سے جاں بحق ہوئے جبکہ پولیس نے مجمعے کو قابو کرنے کےلیے لاٹھی چارج اور بے ہوش افراد کو سرکاری اسپتال منتقل کیا۔

اس واقعے کے بعد تھلاپتی وجے نے زخمیوں کے لواحقین سے ملنے کا ارادہ ظاہر کیا لیکن پولیس نے انہیں روک دیا تاکہ اسپتال میں مزید بھیڑ نہ جمع ہوجائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اقعے کی تحقیقات کیلئے جسٹس (ر) ارونا جگدیش کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا گیا ہے۔

سابق گورنر اراجن نے واقعے کو پولیس انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیا، اس کے بعد کسی پولیس کی عدم معطلی پر سوال اٹھایا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید