• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقل رہائش کیلئے تارکینِ وطن کو معاشرے میں کردار ثابت کرنا ہوگا، شبانہ محمود

ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواہشمند تارکینِ وطن کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

لیبر پارٹی کی کانفرنس سے خطاب میں شبانہ محمود نے مستقل رہائش کے لیے سخت شرائط متعارف کرانے کا اعلان کیا۔

ان کے مطابق امیدواروں کو اعلیٰ معیار کی انگریزی سیکھنا ہوگی، جرائم سے پاک ریکارڈ رکھنا ہوگا اور کمیونٹی میں رضاکارانہ خدمات انجام دینی ہوں گی تاکہ مستقل سکونت کا درجہ حاصل کیا جا سکے۔

شبانہ محمود نے مزید کہا کہ فی الحال تارکینِ وطن 5 سال مکمل کرنے کے بعد مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس کے بعد انہیں برطانیہ میں غیر معینہ مدت تک رہنے، تعلیم حاصل کرنے اور کام کرنے کا حق حاصل ہو جاتا ہے۔

تاہم لیبر پارٹی نے اس مدت کو بڑھا کر 10 سال کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں مشاورت مئی میں شروع کی گئی تھی جو امیگریشن کم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

شبانہ محمود نے یہ بھی کہا کہ مائیگریشن آبزرویٹری کے اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً 45 لاکھ افراد مستقل رہائش رکھتے ہیں، جن میں لگ بھگ 4 لاکھ 30 ہزار غیر یورپی شہری شامل ہیں۔ 

لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ یہ پالیسی ریفارم یو کے سے واضح فرق پیدا کرتی ہے، جس نے مستقل رہائش کے قانون کو ختم کرنے اور تمام تارکینِ وطن کو ہر 5 سال بعد ویزا دوبارہ حاصل کرنے پر مجبور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لیبر پارٹی کے مطابق ایسا اقدام اُن افراد کو بے گھر کر دے گا، جو دہائیوں سے برطانیہ میں رہ کر ملک کی معیشت اور معاشرے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید