• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں میں ریشنلائزیشن کے عمل پر تیزی سے کام جاری

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے زیر انتظام چلنے والے ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں میں ریشنلائزیشن کے عمل پر تیزی سے کام جاری ہے جسے 10 روز کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریشنلائزیشن کے بعد جن سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہوگی وہاں فوری طور پر اس کمی کو پورا کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کسی صورت متاثر نہ ہو صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں ورکنگ فولکس گرائمر سکولوں کے پرنسپلز پر مشتمل نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ورکرز ویلفیئر بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے وفد نے صوبائی وزیر کو سکولوں میں اساتذہ کی کمی سمیت مختلف انتظامی اور دیگر مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیاصوبائی وزیر نے وفد کے مسائل کو بغور سننے کے بعد وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ریشنلائزیشن کا عمل جاری ہے اور بہت جلد تمام سکولوں میں درکار عملہ کی کمی کو پورا کیاجائے گا انہوں نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ امتحانی نتائج بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور تدریسی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور طلبہ کی بہتر رہنمائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اساتذہ طلبہ کو رٹا لگانے کے بجائے طلبہ کی تخلیقی اور سمعی و بصری صلاحیتوں کو اجاگرکریں تاکہ معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکے انہوں نے مذید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ورکنگ فولکس گرائمر سکول اس ضمن میں خصوصی ترجیح رکھتے ہیں۔ فضل شکور خان نے پرنسپلز کو تاکید کی کہ وہ اپنے اساتذہ کو طلبہ کے ساتھ بھرپور محنت کی ترغیب دیں اور تدریسی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی حکمت عملی اپنائیں۔
پشاور سے مزید