• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الخدمت ہسپتال پشاور میں نوزائیدہ بچوں کے لئے جدید این آئی سی یو کا آغاز

پشاور(جنگ نیوز)الخدمت ہسپتال ڈبگری گارڈن پشاور میں نوزائیدہ بچوں کی علاج معالجہ کے لئے جدیدسہولیات سے آراستہ انتہائی نگہداشت یونٹ (این آئی سی یو) کا آغاز کردیا گیا۔الخدمت فاونڈیشن کے صوباِئی صدر خالدوقاص کی زیرصدارت منعقدہ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم تھے۔اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت حاجی غلام علی آفریدی ،الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی،ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب،ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمدسمیت دیگر ژمہ داران بھی موجود تھے۔اس جدید یونٹ کا مقصد نوزائیدہ بچوں کو ابتدائی عمر میں درپیش پیچیدہ طبی مسائل سے نجات اورعلاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی اور طبی خدمات کو سراہا اور کہا کہ الخدمت نہ صرف ملک بھر بلکہ بیرون ملک بھی خدمت انسانیت کا ایک ایسا عالمی ادارہ ہے کہ جس کی بے لوث خدمات رنگ نسل زبان اور مذہب سے بھی بالا تر ہیں۔الخدمت نے حالیہ ملک گیر سیلاب میں متاثرین کو بلا امتیاز سہولیات فراہم کر رہی ہے، جو قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ہرمشکل وقت میں قوم کی بھرپور خدمت کی ہے جو دیگر فلاحی اداروں کے لئے مشعل راہ ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی منصوبوں اور امدادی سرگرمیوں سے ملک بھرمیں روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ الخدمت کا مشن ہر شخص تک بنیادی سہولیات پہنچانا ہے، اور یہ نیا این آئی سی یو یونٹ اسی مشن کی عملی شکل ہے۔تقریب سے معروف سماجی شخصیت حاجی غلام علی، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکریٹری محمد شاکر صدیقی اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد اشفاق نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مخیر افراد اور معاون اداروں کا فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون اور اعتماد کا شکریہ ادا کیا ۔مزید کہا کہ اس یونٹ کے قیام سے پشاور سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں نوزائیدہ بچوں کے علاج و معالجے میں نمایاں بہتری آئے گی۔مقررین نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں صحت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ملک بھر میں سینکڑوں ہسپتال، کلینکس، میڈیکل کیمپس اور لیبارٹریز کے ذریعے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ پشاور میں قائم یہ نیا این آئی سی یو یونٹ جدید طبی آلات اور ماہر عملے کی خدمات دستیاب ہیں۔
پشاور سے مزید