• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوستان اکنامک زون خطے کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریگا، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون صوبہ بلوچستان میں صنعتی و معاشی ترقی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ مستقبل قریب میں خطے کی تقدیر بدلنے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور سیکرٹری انڈسٹریز محمد خالد سرپرہ کے ہمراہ بوستان اسپیشل اکنامک زون کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی، ڈائریکٹر اسپیشل اکنامک زونز آصف کھوسہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور مقامی قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران مقامی قبائل کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں زمینوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے کہا کہ زمینوں کی الاٹمنٹ کے معاملات کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے حل کیا جائے گا اور مقامی قبائل کو اعتماد میں لے کر مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منصوبے شروع ہو رہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید