کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو یکطرفہ، ناقابل عمل اور حماس کو اسرائیلی افواج کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کا منصوبہ قرار دیدیا۔سینئر لیگی رہنما نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں غزہ امن منصوبے کو ناقابل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صہیونی جنگجوؤں کے وحشیانہ حملوں کو روکنے کا کوئی جامع طریقہ کار نہیں رکھتا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غزہ امن منصوبے کو قابل عمل بنانے کیلئے مسلم اور یورپی حکومتوں کو اس میں بنیادی تبدیلیاں پیش کرنی چاہئیں۔ لیگی رہنما نے غزہ امن معاہدے میں یہ تبدیلیاں بھی تجویز کی ہیں جنکے مطابق امریکا کے بجائے اقوام متحدہ کو امن معاہدے کی تشکیل اور نفاذ کیلئے پلیٹ فارم بنایا جائے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ جنگ بندی بلا شرط ہونی چاہیے۔