اسلام آباد ( طاہر خلیل )سیاسی جماعتوں کے انتخابات نگرانی کا نظام الیکشن کمیشن کو دینے کی تجویز ،الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی قوانین میں اہم ترامیم کی سفارش کرتے ہوئے جماعتوں کے انٹراپارٹی انتخابات میں نگرانی کا اختیار مانگ لیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات میں نگرانی کا اختیار مانگ لیا۔الیکشن کمیشن نے سفارشات کا مسودہ وزارت قانون کو بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کی نگرانی ناگزیر ہے،مجوزہ ترامیم کا مقصد سیاسی جماعتوں کے اندراج ، انتخابی نشانات اور خواتین نمائندگی کے مسائل حل کرنا ہے جب کہ ترامیم سے انتخابی عمل زیادہ شفاف اور منظم ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری ڈھانچہ مضبوط اور خواتین کی شمولیت یقینی بنے گی، سیاسی جماعتوں کے اندرونی انتخابات کی شفافیت جانچنے کے لیے قانون میں کوئی شق موجود نہیں۔