اکراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بیک وقت دو سرکاری عہدے رکھنے والے چیئرمین میٹرک بورڈ کے کیس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے حکومت کی جانب سے جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا۔چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی تقرری کے خلاف سماعت ہوئی۔ عدالت نے سندھ حکومت کے جواب کی نقول درخواست گزار کے وکیل کو دینے کی ہدایت کر دی۔دورانِ سماعت وکیل نے کہا کہ غلام حسین سوہو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں بطور گریڈ 19کے افسر تعینات تھے، ان کو 3 سال کے لئے چیئرمین میٹرک بورڈ تعینات کیا گیا، انہوں نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں ریٹائرمنٹ کی درخواست دے کر فوری چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ غلام حسین سوہو نے نیا عہدہ سنبھالنے کے لئے ریٹائرمنٹ کی منظوری کا انتظار بھی نہیں کیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غلام حسین سوہو کو تاحال ریلیو آرڈر جاری نہیں کیا، چیئرمین میٹرک بورڈ نے 2 ماہ تک بیک وقت دو اداروں سے تنخواہیں وصول کی ہیں۔