کراچی(عبدالماجدبھٹی)شعیب ملک نے ثناء جاوید سے علیحدگی کی خبروں کو غلط قرار دیدیا۔ ثانیہ مرزا کے سابق شوہر اپنی تیسری بیوی ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں پر ایک بار پھر غیر ملکی میڈیا کی سرخیوں میں ہیں۔جنگ سے خصوصی بات چیت میں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر و سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ یہ سب بکواس ہے،الحمد اللہ میری ازدواجی زندگی بہت اچھی اور خوشگوار گزرہی ہے، آج ہی میں نے اور ثنا ء نے انسٹاگرام پر کیلیفورنیامیں تفریحی مقام کی تازہ تصاویر کیوں شیئر کی ہیں، بھارتی میڈیا پاکستانیوں کو بدنام کرنے کے لئے کوئی نہ کوئی اسکینڈل اچھالتا رہتا ہے،کراچی میں رہتا ہوں،پروفیشنل ذمے داریوں کی وجہ سے مصروفیت رہتی ہے ،ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سپر اسٹار کرکٹر شعیب ملک ایک بار پھر غیر ملکی میڈیا کی جانب سے خبروں کی زد میں ہیںاور دعوی کیا جارہا ہے کہ ان کی اپنی اہلیہ ثناء جاویدسے علیحدگی ہونے جارہی ہے۔اس سلسلے میں نمائندہ جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ یہ سب بکواس ہے،ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ میری ازدواجی زندگی اچھی اور خوشگوار گزر رہی ہے۔مئی میں ہوئی پاک بھارت جنگ کے بعد بھارتی میڈیا پاکستانیوں کو بدنام کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی اسکینڈل اچھالتا رہتا ہے۔شعیب ملک نے کہا کہ اگر ان خبروں میں صداقت ہوتی تو آج ہی میں نے اور ثنا ء نے انسٹاگرام پر امریکی ریاست کیلیفورنیامیں ایک تفریحی مقام سانٹا مونیکا کی تصاویر کیوں شیئر کی ہیں۔واضح رہے کہ ان تصاویر اور ویڈیو میں میاں بیوی خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ میرا بیٹا دبئی میں ہوتا ہے اور والدہ سیالکوٹ میں رہتی ہیں۔میں کراچی میں رہتا ہوں۔پروفیشنل ذمے داریوں کی وجہ سے مصروفیت رہتی ہیں لیکن اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔