اسلام آباد(آئی این پی )پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا منصوبہ 13سال بعد دوبارہ فعال ہو گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر منصوبے پر تیزی سے کام شروع کر دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے ہفتہ کو پارلیمنٹ لاجز کے زیرِ تعمیر نئے بلاک کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ منصوبہ 4 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبے کے لئے فنڈز کی منظوری دی جا چکی ہے اور اسے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد تمام پارلیمنٹرینز کو رہائش کی سہولت فراہم ہو سکے گی۔بریفنگ کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ منصوبہ 2012میں ٹھیکے پر دیا گیا تھا اور اسے 2013میں مکمل ہونا تھا تاہم کنٹریکٹر کی جانب سے کام روکنے اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا، منصوبے کو 2014 تک ایکسٹینشن دی گئی تھی، نیا بلاک 104یونٹس پر مشتمل ہوگا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔