پاکستانی ریئلٹی شو تماشہ کے میزبان اور معروف اداکار عدنان صدیقی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھارتی اداکار سلمان خان کی نقل کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
تماشہ دراصل بین الاقوامی شہرت یافتہ ریئلٹی شو Big Brother کا پاکستانی ورژن ہے جس کی میزبانی عدنان صدیقی کر رہے ہیں، جنہیں شو میں بطور بادشاہ سلامت دکھایا جاتا ہے۔
اس سیزن میں پہلی مرتبہ زیادہ تر نئے اور غیر معروف شرکاء کو شامل کیا گیا ہے، جس پر ناظرین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا، کچھ ناظرین نے شکایت کی کہ پروگرام میں ڈسپلن، صحت مند مقابلہ بازی اور دلچسپ سرگرمیوں کی کمی ہے، جبکہ کئی بار شرکاء کے درمیان جھگڑوں اور تلخ کلامی نے ماحول کو خراب کیا۔
حالیہ قسط میں، عدنان صدیقی نے اچانک تماشہ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں گندگی اور بدانتظامی دیکھ کر وہ برہم ہو گئے، انہوں نے خود ہاتھ میں ویکیوم کلینر پکڑا اور فرش صاف کرنا شروع کر دیا، ساتھ ہی برتن دھوئے اور کچن کے کاؤنٹرز صاف کیے۔
عدنان صدیقی کے اس عمل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں تاہم، ناظرین نے فوراً بھارتی شو بگ باس کے وہ مناظر یاد کر لیے جب سلمان خان نے بھی یہی عمل کیا تھا۔
سلمان خان نے بگ باس کے دو سیزنز میں گھر کی صفائی خود کر کے یہ پیغام دیا تھا کہ کوئی کام چھوٹا نہیں ہوتا، جس پر انہیں خوب سراہا گیا تھا۔
اسی مماثلت کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا، صارفین کا کہنا ہے کہ تماشہ 4 کی ٹیم نے بگ باس کا منظر نقل کیا ہے، لیکن اسے تسلیم کرنے کے بجائے نیا دکھانے کی کوشش کی گئی۔
کئی صارفین نے طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ نقل تو کر لی، مگر کم از کم مان تو لیتے کہ یہ آئیڈیا بگ باس سے لیا گیا ہے، جبکہ کچھ مداحوں نے عدنان صدیقی کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیت مثبت ہو تو کسی اچھے عمل کی نقل کرنا غلط نہیں۔