• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کے لواحقین سے پیسے لینے میں ایدھی کا رضا کار ملوث تھا، ایم ایس

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر عبدالہادی کاکڑ نے اپنے آفس میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ خود کش حملے میں شہید ہونے والے باپ بیٹےکے لواحقین سے پیسے لینے میں ایدھی کا رضاکار ملوث تھا ۔سول ہسپتال کی حد تک ایدھی کی سروس معطل کر دی گئی ، واقعے میں ہسپتال کا کوئی بھی اہلکار ملوث نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو روز سے سوشل میڈیا میں اسپتال کے حوالے سے ویڈیو وائرل ہے جس میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والے باپ بیٹےکی میتوں کے عوض 35ہزار روپے طلب کئے گئے۔صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر ذمہ داروں کے تعین کیلئے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ۔ انکوائری اور ٹھوس شواہد میں انکشاف ہوا کہ پیسےایدھی کے رضا کار نے وصول کئے اور اس رضا کار نے ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کرایا جس میں وہ پیسے لینے کا اعتراف کر رہا ہے جس کے بعد سول ہسپتال کی حد تک ایدھی کی سروس معطل کر دی ہے۔ میت پر پیسے لینا غیر اخلاقی حرکت تھی یہ الزام محکمہ صحت پر لگایا گیا تھا حکومت نے سانحے میں شہید ہونے والے افراد کی میتیں فری میں آبائی علاقوں تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی جس پر مکمل عملدرآمد بھی کیا گیا انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں کو ایک مکمل ایس او پی کے ساتھ سول ہسپتال میں کام کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں اس قسم کا افسوسناک واقعہ دوبارہ نہ دہرایا جاسکے ۔
کوئٹہ سے مزید