کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن روزینہ خلجی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر نواب سلمان خلجی نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں ، امن وامان کی گھمبیر صورتحال کی بہتری کیلئے صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کو ملکر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوران کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے ، شہر میں سیکورٹی کی ابتر صورتحال تشویشناک ہے ، دھماکے کے باعث کئی لوگ لقمہ اجل بن کر اپنے پیاروں سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئے مگر حکومتی نمائندوں کو اتنی سی توفیق نہیں ہوئی کہ ان کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی اور تعزیت کرتے ۔ انہون نے کہا کہ حکومت واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کی مالی معاونت اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ بلوچستان سمیت صوبائی دارا لحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں ، حکومت کو اپنی کارکردگی اور پالیسیوں پر نظر اور بہتر انتظامات کی ضرورت ہے ۔ وزراء اور اشرافیہ کی جانب سے اپنی تحفظ کیلئے تو اقدامات کیے جارہے ہیں لیکن عام شہریوں کی جانیں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں ۔ امن وامان کی گھمبیر صورتحال کی بہتری کیلئے صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کو ملکر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں بدامنی کے تانے بانےہندوستان اور اسرائیل سے ملتے ہیں ، پاکستان ، افغانستان اور ایران کو مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔