ماسکو(نیوزڈیسک )روس میں افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے، جس کے مشترکہ اعلامیے میں افغانستان میں غیر ملکی فوجی اڈوں کے دوبارہ قیام کی کوششوں کو مستردقرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ نہ بنے۔اجلاس میں پاکستان، روس، ایران اور چین نے افغانستان میں بعض کالعدم دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پرایک بار پھر اظہار تشویش کیا۔مشترکہ بیان کے مطابق 7 اکتوبر 2025 کو ماسکو فارمیٹ برائے افغانستان کا 7 واں اجلاس ماسکو میں ہوا، جس میں افغانستان‘ بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان کے خصوصی نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پہلی بار افغان وفد نے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں ایک رکن کی حیثیت سے شرکت کی۔مشترکہ بیان کے مطابق افغانستان سے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطحوں پر انسداد دہشت گردی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ دہشت گردی کے مختصر مدت میں خاتمے کے لیے جامع اقدامات کرنے کے لیے افغانستان کی حمایت پر زور دیا گیا۔اس کے علاوہ دہشتگردی کو افغانستان‘ خطے اور وسیع دنیا کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ۔