اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد اور گرد و نواح میں قائم مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور رئیل سٹیٹ ڈویلپرز کی جانب سے سوسائٹیوں اور منصوبوں کی گمراہ کن تشہیر کرنے پر قانونی کارروائی کرنےکا فیصلہ کیا ہےاور انکوائری شروع کر دی ہے۔ گمراہ کن تشہیر کمپٹیشن ایکٹ 2010 سیکشن 10 کی خلاف ورزی اور جرم ثابت ہونے پر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے یا سالانہ ٹرن اوور کا 10 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ مسابقتی کمیشن کے مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ اور آفس آف فیئر ٹریڈ نے اس سلسلے میں وسیع ڈیٹا اور شواہد اکھٹے کئے ہیں، جن سے ظاہر ہوا کہ مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیاں اور ڈویلپرز عوام کو سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لئے غلط اور بے بنیاد دعوے اور تشہیر کرتے ہیں جن سے عوام کو نقصان پہنچتا ہے، انکوائری خاص طور پر ان منصوبوں کے خلاف کی جا رہی ہے جو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری یا سی ڈی اے کی حدود میں واقع ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں، حالانکہ وہ درحقیقت ان کی حدود سے باہر واقع ہیں۔