اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس جاری کیا ہوا ہے۔ اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا جائے۔ ٹرمپ کی خوشامد کی بجائے امت کے جذبات کی باوقار انداز میں ترجمانی ہونی چاہیے۔ غزہ پر صہیونی جارحیت کے دوسال مکمل ہونے پر اپنے ویڈیو پیغام میں اور ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بدترین مظالم کے باوجود صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرنے پر اہل غزہ اور حماس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے ثابت کردیا کہ وہ عظیم قوم ہیں۔ حماس نے ٹرمپ کے نام نہاد بیس نکاتی امن منصوبہ کے جواب میں سفارت کاری کی بہترین مثال پیش کی۔ یہ فلسطینیوں کی مزاحمت کا نتیجہ ہے کہ آج اسرائیل اپنی تمام تر فوجی طاقت اور امریکی مدد کے باوجود حماس سے مذاکرات پر مجبور ہے۔