اسٹاک ہوم (اے ایف پی) کوانٹم ٹنلنگ کی دریافت پر تین سائنس دانوں نےطبیعیات کا نوبل انعام جیت لیا۔ برطانوی جان کلارک، فرانسیسی مشیل ڈیوروے اور امریکی جان مارٹینِس انعام کے مشترکہ حق دارقرارپائے۔ ان کی دریافت کوانٹم فزکس کو سمجھنے کی راہ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوئی، نوبل کمیٹی کے مطابق کوانٹم میکینکس تمام ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بنیاد ہے۔ — برطانوی سائنس دان جان کلارک، فرانسیسی مشیل ڈیوروے اور امریکی جان مارٹینِس کو کوانٹم طبیعیات میں نمایاں کام کے اعتراف میں نوبل انعام برائے طبیعیات سے نوازا گیا ۔نوبل کمیٹی کے مطابق ان تینوں سائنس دانوں کو یہ اعزازبرقی سرکٹ میں بڑے پیمانے پر کوانٹم میکینیکل ٹنلنگ اور توانائی کی مقداری تقسیم (quantisation) کی دریافت پر دیا گیا۔کوانٹم میکینکس یہ بیان کرتی ہے کہ انتہائی چھوٹے پیمانے پر چیزیں عام قوانین سے بالکل مختلف انداز میں کام کرتی ہیں۔مثلاً عام دنیا میں جب ایک گیند دیوار سے ٹکراتی ہے تو واپس اچھلتی ہے، لیکن کوانٹم سطح پر کوئی ذرہ اسی جیسی دیوار کو پار کر کے دوسری جانب نکل سکتا ہے — اس مظہر کو "ٹنلنگ" (tunnelling) کہا جاتا ہے۔