• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کمیٹی کا اجلاس، صوبہ کی غیر حاضری بے توجہی کا نتیجہ نہیں، شرجیل

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور سیلابی ہنگامی حالات سے متعلق وفاقی کابینہ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں صوبائی نمائندوں کی غیر حاضری کسی بے توجہی یا غیر سنجیدگی کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ وزارتِ منصوبہ بندی کی جانب سے آخری لمحے میں وقت کی تبدیلی اور رابطے کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہوئی ، حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس سے متعلق معلومات اور اوقات کار کی بار بار تبدیلی کے باعث صوبہ سندھ کے نمائندے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ منصوبہ بندی، اسلام آباد کی جانب سے یکم اکتوبر 2025 کو ایک ابتدائی نوٹس جاری کیا گیا، جس میں اجلاس 3 اکتوبر کو صبح 10 بجے بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اگلے دن یعنی 2 اکتوبر کو ایک اور مراسلے کے ذریعے اجلاس کا وقت تبدیل کر کے شام 5 بجے کر دیا گیا تاہم ان میں سے کوئی بھی مراسلہ حکومتِ سندھ کو نہ تو ڈاک کے ذریعے موصول ہوا اور نہ ہی واٹس ایپ پر باضابطہ طور پر ارسال کیا گیا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ جمعہ، 3 اکتوبر 2025 کو صبح 9:44 بجے دونوں سابقہ نوٹس واٹس ایپ کے ذریعے ایک ساتھ بھیجے گئے اور ساتھ ہی یہ اطلاع دی گئی کہ اجلاس کا نیا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ بعد ازاں یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید