• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنما اپنے اپنے مؤقف پر قائم

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک ‘‘ میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنما اپنے اپنے مؤقف پر قائم دکھائی دیئے، پیپلز پارٹی کے ندیم افضل چن اور نون لیگ کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے درمیان ہلکی پھلکی نوک جھونک بھی ہوئی جبکہ تحریکِ انصاف کے شفقت عباس اعوان نے کہا کہ آئندہ دو دن میں دونوں جماعتیں سیز فائر کر لیں گی۔ میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی شفقت عباس اعوان نے کہا ہے کہ آج عمران خان سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ جن افراد کی کل عمران خان سے ملاقات ہوئی انہیں عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں کسی سب جیل میں منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس پر نون لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وضاحت کی کہ ہر ضلع کی اپنی جیل ہوتی ہے اسلام آباد کے تمام قیدی اڈیالہ جیل منتقل کیے جاتے ہیں تاہم اسلام آباد جیل کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے اور جونہی وہ فعال ہوگی اسلام آباد کے تمام قیدی بشمول عمران خان وہاں منتقل کر دیئے جائیں گے۔جبکہ میزبان حامد میر نے کہا کہ آج سات اکتوبر ہے اور دو سال پہلے حماس نے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں پر حملہ کیا اس کے جواب میں اسرائیل نے حملہ کیا اور اب تک ہزاروں فلسطینیوں کی جان جاچکی ہے۔
اہم خبریں سے مزید