• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واپڈا کیساتھ تناؤ؛ ارسا کمیٹی نے 8 فیصد کمی کیساتھ ربیع منصوبہ منظور کرلیا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) واپڈا کیساتھ تناؤ؛ ارسا کمیٹی نے 8 فیصد کمی کیساتھ ربیع منصوبہ منظور کر لیا، اجلاس میں پنجاب اور سندھ کا تربیلا ڈیم پر اہم انفرا اسٹرکچر کی تکمیل میں واپڈا کی مسلسل تاخیر پر شدید احتجاج ۔ تفصیلات کے مطابق اگرچہ پاکستان کی وفاقی اکائیوں کے درمیان آئندہ ربیع سیزن (اکتوبر 2025 تا مارچ 2026) کے لیے 8 فیصد پانی کی کمی پر ایک غیر معمولی اتفاقِ رائے پایا گیا — جو کہ گزشتہ ایک دہائی میں سب سے کم ہے — تاہم ارسا ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے دوران کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب پنجاب اور سندھ نے تربیلا ڈیم پر اہم انفرا اسٹرکچر کی تکمیل میں واپڈا کی مسلسل تاخیر پر شدید احتجاج کیا۔ اجلاس میں موجود ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ دونوں صوبوں نے ٹی4 اور ٹی5 پاور ٹنلز پر لو لیول آؤٹ لیٹس کے طویل عرصے سے غیر فعال رہنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ ٹنل4 پر موجود آؤٹ لیٹ تین سال سے زائد عرصے سے غیر فعال ہے، جبکہ ٹنل 5 بھی 33 ماہ سے ناکارہ پڑا ہے۔ پنجاب اور سندھ کے حکام نے واپڈا پر ادارہ جاتی غفلت کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ ذخائر میں وافر پانی موجود ہونے کے باوجود ان تاخیر کی وجہ سے خریف سیزن کے ابتدائی حصے میں 14 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کی کمی واقع ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید