بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ 2022 کی فلم جُھنڈ میں اداکاری کرنے والے نوجوان اداکار پریانشو چیٹرجی عرف بابو روی سنگھ چھیتری کو اس کے دوست نے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 8 اکتوبر کی صبح ناگپور میں پیش آیا۔ مقتول کی عمر 21 سال تھی، جبکہ 20 سالہ ملزم دھرو لال بہادر ساہو کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار پریانشو اور دھرو قریبی دوست تھے اور اکثر ایک ساتھ شراب نوشی کرتے تھے۔ منگل کی رات دونوں ساہو کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جری پٹکا علاقے کے ایک خالی مکان میں گئے، جہاں دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، دورانِ بحث پریانشو نے ساہو کو مبینہ طور پر دھمکایا اور بعد میں سو گیا۔
اداکار کے دوست اور ملزم نے خوفزدہ ہو کر پریانشو کو تاروں سے باندھ دیا اور تیز دھار ہتھیار سے اس پر حملہ کر دیا۔
مقامی لوگوں نے زخمی اداکار کو نیم برہنہ حالت میں پایا، جو پلاسٹک کی تاروں میں جکڑا ہوا تھا۔ اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ پریانشو نے امیتابھ بچن کی فلم جُھند میں ایک معاون کردار ادا کیا تھا۔