کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی نے کہا ہے کہ مسافروں کو تحفظ فراہم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ریکارڈنگ کا مستقل نظام قائم کرنا ناگزیر ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران صوبے بھر میں مسافر کوچوں کی سیکورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیااجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسافر کوچوں میں جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور ان کی ریکارڈنگ محفوظ رکھی جائے گی ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی کوچوں میں کیمروں کی تنصیب اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائیں کیمرے اور ریکارڈنگ سسٹم سے نہ صرف سیکورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ حادثات، جرائم اور دیگر مسائل کی صورت میں آسانی پیدا ہوگی۔