پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے حال ہی میں اپنی کزن اور اداکارہ صائمہ قریشی کے خواتین کی کمائی سے متعلق متنازع بیان پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔
فیصل قریشی اپنے شاندار کرداروں اور منفرد اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، اب تک بشر مومن، میری ذات ذرۂ بے نشاں، بھیگی پلکیں، حیوان، فرق، خائی، تیرے لیے اور حالیہ مقبول ڈرامہ کیس نمبر 9 میں اپنی جاندار پرفارمنس سے شائقین کو متاثر کر چکے ہیں۔
حال ہی میں فیصل قریشی سے ایک پوڈکاسٹ میں صائمہ قریشی کے بیان سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
پوڈکاسٹ کے دوران فیصل قریشی نے نہایت متوازن انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کا ذاتی نظریہ ہے، نہ میں اس سے اتفاق کر سکتا ہوں نہ اختلاف، ہر شخص کے تجربات مختلف ہوتے ہیں اور اسی بنیاد پر وہ اپنی رائے قائم کرتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ محنت سے حاصل کی گئی کمائی ہمیشہ اچھی ہوتی ہے اور اس میں برکت کی کمی نہیں ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بے شمار خواتین اپنی محنت سے مقام حاصل کر چکی ہیں اور ان کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین کی کمائی میں بھی برکت اور عزت دونوں موجود ہیں۔
فیصل قریشی نے کہا کہ ہمیں کسی کے تجربات یا خیالات پر فیصلہ نہیں دینا چاہیے، کیونکہ ہر انسان اپنی زندگی کی بنیاد پر سوچتا ہے اور کسی کے تجربے کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ اداکارہ صائمہ قریشی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ خواتین کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر خاصی بحث چھیڑ دی تھی۔