غزہ (ایجنسیاں)غزہ میں امن کی نئی صبح طلوع‘فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے پیر کو جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ میں موجود تمام20زندہ اسرائیلی یرغمالیوں اور چار اسرائیلی شہریوں کی باقیات کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے حوالے کر دیاجبکہ اسرائیل نے بھی 1968فلسطینی قیدیوںکو رہاکردیا ۔اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظردیکھنے میں آئے ‘فلسطینی قیدیوں کا غزہ پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا۔اے ایف پی کے مطابق حماس نے پیر کوتمام 20زندہ یرغمالیوں کو غزہ میں موجود ریڈ کراس کے نمائندوں کے حوالے کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یرغمالیوں کو دو مراحل میں رہا کیا گیا‘پہلے مرحلے میں سات جبکہ دوسرے مرحلے میں 13 یرغمالیوں کو جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں منتقل کیا گیا۔تل ابیب کے یرغمالی چوک میں سیکڑوں افراد جمع ہوئے جنہوں نے اسرائیلی جھنڈے تھام رکھے تھے اور یرغمالیوں کی تصاویر والے پوسٹر بلند کر رکھے تھے۔دوسری جانب اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی 38 بسیں غزہ پہنچ گئیں‘الجزیرہ کے مطابق معاہدے کے تحت 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہے ۔دوسری جانب حماس کے دفتر نے تصدیق کی کہ 154 فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کر کے مصر منتقل کیا گیا ہے جہاں سے انھیں دوسرے ممالک بھیج دیا جائے گا۔ ان افراد میں فتح، حماس، اسلامی جہاد اور عوامی محاذ برائے آزادیِ فلسطین کے ارکان شامل ہیں۔ادھر اسرائیلی دفاعی افواج نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی طرف سے واپس بھیجے گئے تمام20زندہ یرغمالیوں کوطبی معائنے کے لیے اسرائیلی ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔