پشاور(آئی این پی )ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی زیر صدارت ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے نمائندوں، سماجی تنظیموں اور چائلڈ پروٹیکشن سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کوہاٹ نے ضلع میں بچوں کے تحفظ سے متعلق جاری کیسز، ان کی موجودہ صورتحال اور کمیونٹی بیسڈ مداخلتوں پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے بچوں سے بھیک منگوانے، نشے کی لت، جسمانی سزا، جنسی استحصال اور دیگر خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مسائل علاقے میں بچوں کے بنیادی حقوق کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں اجلاس کے دوران ان حساس مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اپنی تجاویز اور آرا پیش کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کے اشتراک سے ایک جامع اور قابل عمل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تاکہ ان چیلنجز سے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے، اسکولوں اور دینی مدارس میں حفاظتی تربیت فراہم کرنے، اور بچوں کو نشے سے دور رکھنے کے لیے بحالی مراکز کے قیام پر بھی گفتگو کی گئی۔