پشاور (اے پی پی) نوتعینات ڈی ایس پی ارباب نعیم حیدر نے ٹاؤن سرکل پولیس افسران کے ساتھ تعارفی ملاقات کی۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق میٹنگ کے دوران ڈی ایس پی ٹاؤن سرکل ارباب نعیم حیدر نے کہا کہ میری اولین ترجیح جرات، بہادری اور ایمانداری سے کام کرنا ہے جس کیلئے میرٹ کو ہرحال میں مقدم رکھا جائیگا اور عوام کی جان ومال کے تحفظ اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمزکی روک تھام کو یقینی بنانا، اشتہاری مجرمان، اسلحہ نمائش، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف بلاتعطل کریک ڈاؤن، منشیات کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات، قبضہ مافیا، قمار بازی اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آئس سمیت دیگر منشیات کیخلاف جنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے، جاری انسدادپولیو مہم کے دوران سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے اسنیپ چیکنگ، سرپرائز ناکہ بندیوں، سرچ اینڈ سٹرائیک سمیت ہیومن انٹیلی جنس کو مزید فعال کیا جائے، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن کو مزید مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ آنے والے سائلین کی فوری داد رسی کرتے ہوئے ایف آئی ار کے بروقت اندراج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ملاقات کے موقع پر ٹاؤن سرکل کے ایس ایچ اوز، آپریشن اور انوسٹی گیشن افسران، محرر سٹاف اور چوکی انچارج موجود تھے۔