پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں چکن گونیا وائرس کے 16 کیسز کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ سفید ڈھیری کے علاقے میں چکن گونیا وائرس کے 16 کیسز کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے علاقے کو آؤٹ بریک زون قرار دے دیا ہے اور فوری ردعمل کے طور پر متعدد اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان کے مطابق چند روز قبل سفید ڈھیری میں بخار کی علامات والے مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس پر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر 21 افراد کے نمونے حاصل کئے اور انہیں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب خیبر پختونخوا تجزیئے کیلئے بھجوایا تھا۔ تجزیئے کے بعد 16 افراد میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بابت ڈی ایچ او پشاور کو ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے تاکہ بروقت اقدامات سے بیماری کا سدباب ممکن ہو۔ محکمہ صحت سے جاری ہونے والی ایڈوائزری کے مطابق محکمہ صحت پشاور نے فوری طور پر آوٹ بریک کے انسداد کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے، ڈی ایچ او آفس پشاور میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ صورتحال کی نگرانی اور رابطہ کاری موثر انداز میں کی جا سکے جبکہ ایپی ڈیمیو لوجیکل انویسٹی گیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کی وجوہات اور ذرائع کی نشاندہی کی جا سکے۔ اسی طرح ویکٹر کنٹرول اقدامات جیسے کہ فوگنگ اور لاروی سائیڈنگ شروع کی گئی ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔ متعلقہ مراکز صحت میں تشخیصی کٹس اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آوٹ بریک کے سدباب کیلئے روزانہ کی بنیاد پر صورتحال رپورٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کو بھجوائی جائے گی۔ محکمہ صحت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاؤ کی تدابیر اپنائیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق وبا کو یونین کونسل کی سطح تک محدود رکھنے کیلئے متاثرہ افراد کی سخت مانیٹرنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔