• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ پولیس ٹریننگ سینٹر حملہ، گاڑی کا سراغ مل گیا، 2 دہشتگردوں کی شناخت

پشاور (ارشد عزیز ملک ) خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگا لیا گیا ہے جبکہ دو دہشتگردوں کی شناخت ہو چکی ہے جن میں ایک افغان مہاجر اور دوسرا مقامی باشندہ ہے۔سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کرلیں گے ۔پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 زیر تربیت بچوں کو بچالیا ۔ انھوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں ،آلات ، بلٹ پروف گاڑیوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بغیر خوارج کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا ۔ ٹریننگ سکول کی دیواریں مضبوط نہ ہوتیں تو بڑا جانی نقصان ہوتا،انھوں نے کہا کہ صوبے میں بلٹ پروف گاڑی تھی اب تمام ایڈیشنل آئی جیز اور آر پی اوز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں جبکہ نصف سے زیادی ڈی پی اوز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں،چالیس ارب خرچ کیے جائیں تو تمام تھانوں، چوکیوں اور انفراسٹرکچرکو بہتر کیا جا سکتا ہے۔روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے آئی جی نے بتایا کہ دہشتگردوں نے پی ٹی سی ایل کی چوری شدہ منی ٹرک ریوو گاڑی استعمال کی تھی جسے بارود سے بھرا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے باعث نقصان کم سے کم ہوا اور سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گیٹ پر ہی روک لیا۔انھوں نے بتایا زیر تربیت جوانوں نے ایک خواج کو پکڑ کر چھریوں کے وار کرکے ہلاک کردیا حالانکہ اس کے پاس ہتھیار اور بارود تھا ۔
اہم خبریں سے مزید