گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ حلف نہیں لوں گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین اور قانون پر عمل کروں گا، آج خیبر پختونخوا پہنچ جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرا جواب ہائی کورٹ میں جمع ہوچکا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے طیارے کےلیے درخواست کی ہے۔
صحافی کے سوال پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتاسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے قانون اور آئین پر عمل درآمد کریں گے۔
اس سے قبل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ نے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ گورنر خیبر پختون خوا نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں۔
عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے حلف لیں۔