اسلام آباد(تنویر ہاشمی )وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں آئی ایف ایم ڈائریکٹر ‘ ورلڈبینک گروپ کے سینئر ایم ڈی ‘اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ‘دولتِ مشترکہ وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی جبکہ غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں وزیر خزانہ کا کہناتھاکہ عالمی مالیاتی فنڈکے ساتھ تمام معاملات پر تعمیری بات چیت جاری ہے ‘ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین قرض پروگرام کے تحت رواں ہفتے اسٹاف لیول معاہدہ متوقع ہے جس سے پاکستان کو ایک ارب 24کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی راہ ہموار ہوگی‘پاکستان رواں برس کے اختتام تک ایک گرین پانڈا بانڈ جاری کرے گاجو کہ چینی یوآن کرنسی میں ہوگااور پھر بین الاقوامی مارکیٹ میں اگلے برس ایک ارب ڈالر کے بانڈ کی فروخت کے لیے جائے گا‘ تین پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور پی آئی اے کی نجکاری میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے‘ پی آئی اے کے یورپ اور برطانیہ کے روٹس کھل گئے ہیں اور اب ہم سرمایہ کاروں کےلیے بہتر پوزیشن پر ہیں اور توقع ہےکہ پی آئی اے کی بولی کوالیفائی کر لیںگے‘سرکاری اداروں کی نجکاری ہوگی اور یہ ہمارے معاشی روڈ میپ کےلیے بہت ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔وزیرخزانہ اور ان کے وفد نے آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور اور ان کی ٹیم سے تفصیلی ملاقات کی‘فریقوں نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بات چیت کی اور اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں قرض توسیع پروگرام کے دوسرے جائزے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔