• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل آفریدی کے عمران سے ملنے پر کوئی اعتراض نہیں، عقیل ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک ‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا کہ سہیل آفریدی جا کر عمران خان سے ملیں،پشاور ہائیکورٹ کے مطابق حلف لینے کا حکم ٹھیک ہے۔ سیز فائر کے بعد قیدیوں کی واپسی شروع ہوچکی ہے معاہدہ کب تک چلتا ہے یہ دیکھنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ جس وزیراعلیٰ کو عوام لے کر آئی ہے اس سے متعلق یہ تاثر دینا کہ وہ کسی ملک کا ایجنٹ ہے یہ مناسب نہیں۔ انہوں نے غزہ امن معاہدے پر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے خدشات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے خدشہ ہے وہ یرغمالیوں کی رہائی کے بعد حملہ کرسکتا ہے۔عقیل ملک نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے مطابق حلف لینے کا حکم ٹھیک ہے البتہ خیبرپختونخوا اسمبلی ان سیشن نہیں تھی بیس اکتوبر کو اجلاس ہونا تھا آئین کے آرٹیکل 104 کے تحت گورنر ہی اجلاس بلاتے ہیں۔سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ آرٹیکل 130-7 کہتا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ استعفیٰ دے دیں تو انہیں صرف وہ گورنر تک پہنچانا ہے اور گورنر اس کو مانے یا نہ مانے وہ ہوجاتا ہے اور وزیراعلیٰ کی پوسٹ خالی ہوجاتی ہے۔ میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ بلاول نے گورنر سے کہا ہے کہ آپ جائیں اور جا کر حلف لیں اور پشاور ہائیکورٹ کا آرڈر کہتا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نو منتخب وزیراعلیٰ سے بدھ کے دن چار بجے حلف لیں اگر نہیں لیتے تو اسپیکر صوبائی اسمبلی حلف لیں۔
اہم خبریں سے مزید