• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن وہی پائیدار ہوتا ہے جو مکالمے سے حاصل ہو، ارجنٹائنی سفیر

لاہور (آصف محمود بٹ) ارجنٹائن کے سفیر مسٹر سیبسٹین سییوس نے کہا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان تعلقات نہ صرف دیرینہ ہیں بلکہ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کی دوستی کے 75 سال مکمل ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن پارک اسلام آباد میں دوستی کی ایک علامت کے طور پر موجود ہے جو پاکستان کی آزادی کے ابتدائی برسوں سے اس تعلق کی یاد دلاتا ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک ہمیشہ قانون کی بالادستی اور پرامن مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ہر اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں جو بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی راہ ہموار کرے۔ امن وہی پائیدار ہوتا ہے جو مکالمے سے حاصل ہو۔ ارجنٹائن کے صدر زیووئیر میلائی کی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے سیبسٹین سییوس نے بتایا کہ صدر کی اصلاحات کا مقصد معیشت کو آزاد کرنا، کاروباری ضوابط کو آسان بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ ہمارے صدر کا مؤقف ہے کہ دنیا بھر سے سرمایہ کاری کے لیے دروازے کھلے رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضابطوں میں نرمی اور کاروبار کے فروغ کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرعزم ہیں ارجنٹائن کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ ارجنٹائن کی سرمایہ دوست پالیسیوں اور عالمی شراکت داری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معاشی تعاون میں نئی راہیں کھلیں گی۔ارجنٹائن کے سفیر نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو زراعت، لائیوسٹاک اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں اپنی مہارت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اہم خبریں سے مزید