• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ تاریخی پیشرفت، غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم، علماء کانفرنس

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر، نمائندہ خصوصی )رابطہ عالم اسلامی کے زیرِ اہتمام پاکستانی علماء کانفرنس نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں پاکستان اور سعودی عرب کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ علماء کانفرنس نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے کو تاریخی پیشرفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا، ادھر پاکستانی علماء کیساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم بن عیسیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کا عالم اسلام میں اہم مقام ہے،، پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ دیگر مسلم ممالک کو بھی قریب لانے میں مدد دے گا،مولانافضل الرحمٰن نے کہاکہ امت مسلمہ کے اہم ممالک نے ایک دوسرے کی آواز میں آواز ملائی توغزہ میں جنگ بندی ہوئی ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کا خاتمہ کرنا ہوگا ، علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی کے وفد نےچیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی ۔اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق فورم کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مسلمانوں کو ان باہمی اختلافات سے بلند ہونا چاہیے جو اتحادِ امت میں رکاوٹ بنتے ہیں،اختلافات کو تقسیم کے بجائے تعمیری مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔علمائے کرام نے رواداری، تحمل اور فکری توازن کو اسلام کی بنیادی روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں شدت پسندی، نفرت اور انتہا پسندی کے اسباب سے بچنا مذہبی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے۔فورم کے شرکاء نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید