• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریسٹ کینسر، خواتین صحت بارے باخبر، محتاط اور خود ذمے دار بنیں، ڈاکٹر ضیاء الحق

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں ایچ ای سی پنک ربن آگاہی پروگرام کے تعاون سے بریسٹ کینسر آگاہی سیمینار کا انعقاد ۔تقریب میں وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈین بیسک میڈیکل سائنسز ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی، پروفیسر ڈاکٹر عندلیب آفتاب ، ڈین نرسنگ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر دلدار محمد اور پروفیسر ڈاکٹر نجمہ ناز کے علاوہ اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔پروگرام کے فوکل پرسن اور آرگنائزر لیکچرار عمران وحید تھے۔ڈاکٹر نجمہ ناز نے اپنی تحقیقی پریزنٹیشن میں بریسٹ کینسر پر سابقہ اور حالیہ مطالعات کا تقابلی جائزہ پیش کیا، جس میں اس بیماری کے بڑھتے ہوئے رجحان اور سائنس پر مبنی جدید علاج کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز ہمارے معاشرے کے لئے ایک سنگین چیلنج ہے، جن سے نمٹنے کے لئے عوامی آگاہی، ابتدائی تشخیص، تحقیق اور پالیسی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے،خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں باخبر، محتاط اور خود ذمے دار بنیں ۔پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر آٹھ میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر میں مبتلا ہوتی ہے، تاہم اگر ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے تو علاج ممکن اور مؤثر ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ خود معائنہ کی عادت اپنائیں اور وقتاً فوقتاً الٹراساؤنڈ یا میموگرافی کے ذریعے چیک اپ کروائیں۔پروفیسر ڈاکٹر عندلیب آفتاب نے کہا کہ ابتدائی تشخیص، مناسب علاج، ریڈی ایشن، باقاعدہ چیک اپ، اور ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف و اہلِ خانہ کے تعاون نے انہیں اس بیماری پر قابو پانے میں مدد دی۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
پشاور سے مزید