• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سزا یافتہ مجرم کی بانی PTI جیسی سہولتوں کیلئے درخواست، قابل سماعت یا نہیں، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے اڈیالہ جیل میں قید قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم محمد عرفان کی دوران قید بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس پر ہم آرڈر جاری کریں گے۔ درخواست گزار وکیل نوید ملک ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ محمد عرفان قتل کے مقدمہ میں دفعہ 302کے تحت 25سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ متعدد بار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سپیریئر کلاس سہولیات کی درخواست دی مگر کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بہترین سہولیات حاصل ہیں، ملاقاتوں کی اجازت بھی دی جاتی ہے، لیکن ان کے مؤکل کو ان سہولیات سے محروم رکھا گیا ۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت فریقین کو بانی پی ٹی آئی کو دی جانے والی تمام سہولیات محمد عرفان کو بھی فراہم کرنے کا حکم دے۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ یاد رہے کہ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید