سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کی عدالت نے اپنے ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر 2ملزمان کو گیارہ گیارہ مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی، عدالت نے تین ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر باعزت بری کردیا. حدود کورٹ سکھر کے جج علی محمد سہتو کی عدالت نے پنوعاقل میں 11 افراد کے قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا، عدالتی فیصلے کے مطابق جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان وہاب اللہ انڈھڑ اور اس کے بیٹے کلیم اللہ انڈھڑ کو 11/11 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ کیس میں ملوث تین ملزمان حبیب اللہ، محمد اقبال اور عبدالماجد کو عدم ثبوتوں کی بناء پر باعزت بری کردیا ہے. واضح رہے کہ چند برس قبل پنوعاقل میں ملزمان نے اپنے ہی خاندان کے خواتین و بچوں سمیت 11 افراد کو قتل کیا تھا۔