• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سرجن نے ڈاکٹر بیوی کو غلط انجیکشن لگا کر قتل کردیا، شوہر 6 ماہ بعد گرفتار

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر بنگلورو کے ایک سرجن ڈاکٹر نے اپنی ڈاکٹر بیوی کو جان لیوا انجیکشن لگا کر قتل کر دیا جسے چھ ماہ کی تحقیقات کے بعد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ رواں سال 21 اپریل کو بنگلورو شہر میں پیش آیا تھا جہاں جنرل سرجن، ڈاکٹر مہندرا ریڈی نے اپنی اہلیہ، ماہرِ امراضِ جِلد ڈاکٹر کرُتھیکا ریڈی کو اِن کے گھر پر بے ہوشی کی دوا پروپوفول (Propofol) کی زیادہ مقدار دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ 

بعدازاں مہندرا خود ہی اپنی اہلیہ کو قریبی اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اِسے مردہ قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر اس معاملے کو قدرتی یا حادثاتی موت سمجھا گیا تاہم پولیس نے شواہد جمع کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے کینولا سیٹ، انجیکشن ٹیوب اور دیگر طبی آلات برآمد  کیے جنہیں فرانزک معائنے کے لیے بھیجا گیا۔

فرانزک رپورٹ میں مقتولہ کے جسم میں پروپوفول کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جس سے واضح ہوگیا کہ اِن کی موت انجیکشن کے ذریعے دی گئی دوا کی زیادتی سے ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد مقتولہ کے والد نے 13 اکتوبر کو باقاعدہ طور پر اپنے دماد کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے 14 اکتوبر کو ملزم کو ساحلی شہر منی پال سے گرفتار کر لیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید