معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں کیپس کیفے پر ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کرلی۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم حملہ آوروں نے کیفے کی عمارت پر گولیاں چلائیں، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، یہ واقعہ چار ماہ کے دوران تیسری بار پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کار میں موجود حملہ آور کیفے پر فائرنگ کرتے ہیں، جس سے عمارت کی کھڑکیاں چکناچور ہو جاتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی ذمہ داری مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے کولویر سدھو اور گولڈی ڈھِیلون نے قبول کی ہے، دونوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ ہمارا عام لوگوں سے کوئی مسئلہ نہیں، مگر جو ہمیں دھوکہ دیتے ہیں یا ہمارے مذہب کے خلاف بولتے ہیں، اُنہیں خبردار کیا جا رہا ہے، گولیاں کہیں سے بھی آ سکتی ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے کی ممکنہ وجوہات مالی تنازع یا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنا ہو سکتی ہیں، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔