برطانیہ نے انسانی اسمگلنگ کے گھناﺅنے دھندے کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کرلیا۔ انسانی اسمگلرز کیخلاف آپریشن کیلئے برطانوی سرحدی افسران کی ٹیموں کو بلقان بھیج دیا گیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ شبانہ محمود نے اس امر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہ آئندہ چند یوم کے دوران کشتیوں پر لوگوں آمد کی تعداد تقریباً 60 ہزار کے قریب پہنچ جائیگی، اس سے متعلق سیکیورٹی افسران کو اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاﺅن کیلئے بلقان بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکریٹری داخلہ شبانہ محمو د نے اعلان کیا ہے کہ حکام اس بات کا گہرائی سے جائزہ لیں گے کہ آیا برطانیہ کی ٹیمیں اس خطے میں مستقل طور پر تعینات کی جاسکتی ہیں یا نہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ آنیوالے غیر قانونی مہاجرین کا ایک بڑا حصہ بلقان کے راستے فرانس کے ساحل تک پہنچتا ہے جہاں سے کشتیوں پر برطانوی چینل عبور کرنے کیلئے سفر کا آغاز ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی طرف سے غیرقانونی مہاجرین کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کے باوجود رواں سال ابتک 36 ہزار جبکہ بحران کے آغاز سے ابتک 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد مہاجرین برطانیہ میں داخل ہوچکے ہیں۔