بالی ووڈ اداکارہ پری نیتی چوپڑا اور ان کے شوہر، سیاست دان راگھو چڈھا نے بالآخر اپنے گھر ننھے مہمان کا استقبال کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پری نیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جوڑے نے آج دوپہر مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں یہ خوشخبری سنائی۔
اپنی انسٹا پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ آخرکار وہ آ گیا، ہمارا ننھا بیٹا اور ہمیں تو یاد ہی نہیں کہ اُس کے بغیر اس سے پہلے کی زندگی کیسی تھی، ہماری آغوش بھر گئی ہے، مگر دل اس سے بھی زیادہ بھر گیا ہے۔
پوسٹ کے آخر میں پرینیتی اور راگھو نے لکھا ہے کہ پہلے ہم ایک دوسرے کے لیے تھے، اب ہمارے پاس سب کچھ ہے۔
جیسے ہی انہوں نے یہ خوشخبری شیئر کی، مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔
اداکارہ اننیا پانڈے نے کئی دل والے ایموجیز شیئر کیے، جبکہ ہرلین سیٹھی نے لکھا ہے ’مبارک ہو‘، کریتی سینن نے مبارک ہو لکھا اور اس کے ساتھ دل والے ایموجیز کا اضافہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے2023ء میں شادی کی تھی، جبکہ رواں برس یعنی اگست 2025ء میں پرینیتی نے امید سے ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کے ساتھ ننھے منے پاؤں کی تصویر بھی شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ ہماری چھوٹی سی کائنات راستے میں ہے۔