کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت وبہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ سول سوسائٹی کے اشتراک سے عوامی صحت کے منصوبے آگے بڑھا رہے ہیں ، ایچ پی وی ویکسین مہم کا دائرہ کار 9 سے 14 سال کی بچیوں تک کامیابی سے پھیلنا تاریخی کامیابی ہے ،ان کی زیرِ صدارت ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم سےمتعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سول سوسائٹی آرگنائزیشنز ، انڈس اسپتال، امن فاؤنڈیشن، ہیلپ تنظیم کے نمائندوں سمیت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن اور آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کی افسران نے شرکت کی،اجلاس کا مقصد بچیوں کو سروائیکل کینسر جیسے موذی مرض سے بچانا اور بھر پور آگاہی مہم سے متعلق حکمت عملی پر کام کرنا تھا، ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ حکومتِ سندھ مستقبل میں بھی ویکسی نیشن اور آگاہی مہمات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ایچ پی وی ویکسین کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا مستقل حصہ بنایا جا رہا ہے، آگاہی مہم میں جدید ذرائع ابلاغ اور کمیونٹی موبلائزیشن کے نئے طریقے اپنائے جائیں تاکہ والدین اپنی بچیوں کو بر وقت ویکسین لگوانے کے لیے زیادہ راغب ہوں۔