• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خونی دھندے میں ملوث افراد کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع 15 پر دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ آئی جی پنجابکی ہدایت پر پنجاب پولیس دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے ان ایکشن ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5967 ملزمان کو گرفتار کر کے 5784 مقدمات درج کئے گئے۔ 05 لاکھ 29 ہزار 814 پتنگیں، 21 ہزار 301 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں جبکہ 5362 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1654 ملزمان گرفتار کئے گئے، 1620 مقدمات درج کئے گئے، 35 ہزار 420 پتنگیں اور 1753 ڈور چرخیاں کی برآمد کی گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائیں۔
لاہور سے مزید