اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان نے اپنی اپنی حکومتوں کی ہدایات پر30اکتوبر تا5نومبر ʼʼپاک۔ترکیہ تعلقات کا ہفتہʼʼ منانے کا اعلان کیاہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور علمی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے 30۔اکتوبر کو انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جائے گی۔تقریبات کے سلسلے میں ترکیہ کی تہذیب و ثقافت پر مبنی فوٹو نمائش بھی یونیورسٹی میں سجائی جائے گی، جس میں ترکیہ کے فن، ورثے اور جدید ترقی کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کے درمیان روایتی تیر اندازی کا مقابلہ بھی ہوگا جو ترکیہ کی قدیم کھیلوں کی روایت کو خراجِ تحسین پیش کرے گا۔ان تقریبات کی جامع منصوبہ بندی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز نے ترکیہ کے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایت پر کی ہے۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر خلیل طوقار کے مطابق ان تقریبات کا مقصد دونوں برادر ممالک( پاکستان اور ترکیہ)کے درمیان علمی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔